راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سیالکوٹ سیکٹر، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور کا دورہ کیا اور متاثرہ شہریوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو جاری ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں انہیں بارشوں کے نئے سپیل اور اس سے نمٹنے کے لیے اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا گیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے موقع پر موجود جوانوں اور سول انتظامیہ کے درمیان مثالی کوآرڈی نیشن کو سراہا اور امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی۔
دورے کے دوران انہوں نے کرتارپور میں سکھ برادری سے بھی ملاقات کی اور اقلیتوں کے مذہبی مقامات کی بحالی اور ان کے تحفظ کی مکمل یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپور سمیت تمام مذہبی مقامات کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا کیونکہ اقلیتوں اور ان کے مذہبی مقامات کا تحفظ ریاست پاکستان اور اس کے اداروں کی اہم ذمہ داری ہے۔

فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔سکھ برادری نے فیلڈ مارشل کے دورے کا خیر مقدم کیا اور سیالکوٹ سیکٹر کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی خود نگرانی کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔