اسلام آباد: پاکستان میں گزشتہ ہفتے کے دوران روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اوسطاً 0.62 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ سالانہ مہنگائی کی شرح 3.57 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ یہ معلومات ادارہ برائے شماریات پاکستان نے جاری کی ہیں۔
ادارے کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران 6 اہم اشیاء کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی جبکہ 27 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ اس کے برعکس 18 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
مہنگی ہونے والی اشیاء میں سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر کی قیمت میں 14.98 فیصد، آٹے میں 12.11 فیصد اور چکن میں 3.36 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ آلو، سرسوں کا تیل، انڈے، ایل پی جی، پکا ہوا گوشت، لہسن، پرنٹڈ لان، جلانے کی لکڑی اور لانگ کلاتھ کی قیمتوں میں بھی معمولی اضافہ ہوا ہے۔
دوسری جانب دال ماش، دال مسور، دال چنا، کیلا، بناسپتی گھی اور پیاز کی قیمتوں میں معمولی کمی دیکھی گئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم کی تبدیلی اور بارشوں کے باعث سبزیوں اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ معمول کی بات ہے، تاہم حکومتی سطح پر قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔