عالمی وبا کا نیا وائرس پاکستان پہنچ گیا، 3 کیسز سامنے آ گئے

New coronavirus reaches Pakistan, 3 cases come to light
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: برطانیہ میں خطرات پیدا کرنے والا عالمی وبا کے وائرس کی نئی قسم پاکستان پہنچ گئی ہے۔ نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد حکام نے ایس او پیز کی سختیاں مزید بڑھاتے ہوئے عوام سے لازمی طور پر احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔

ذرائع کے مطابق عالمی وبا کی اس نئی قسم کے کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ صوبائی محکمہ سندھ نے وبائی مرض کے نئے کیسز منظر عام پر آنے کی تصدیق کی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے لوگوں کو خبردار کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ عالمی وبا کا یہ نیا وائرس انگلینڈ سے آنے والے مسافروں کے اندر موجود پایا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دنوں 12 افراد نے انگلینڈ سے پاکستان کا سفر کیا تھا۔ ان کی کراچی آمد پر خصوصی طور پر ٹیسٹ لئے گئے جن میں سے 3 مسافروں میں وبائی مرض کی تشخیص ہو چکی ہے۔

حکام کی جانب سے ان پاکستانی مسافروں کو آئسولیٹ کرکے ان کے مزید ٹیسٹ لیبارٹری کو بھیج دیئے گئے ہیں جبکہ ان تینوں افراد کی ٹریول ہسٹری کی چھان بین کرکے ان سے رابطے میں رہنے والے تمام افراد کا بھی ٹیسٹ لیا جائے گا۔

عالمی وبا کی نئی قسم کے وائرس میں مبتلا ان تمام افراد کو کراچی کے نجی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے جہاں ان کی مکمل دیکھ بھال کیساتھ ساتھ انھیں طبی امداد بھی دی جا رہی ہے۔ تاہم ان مریضوں کی حالت کیسی ہے؟ اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

خبریں ہیں کہ انگلینڈ سے واپس آنے والے دیگر 3 مسافروں میں بھی عالمی وبا کی علامات پائی گئی ہیں تاہم ان کے ٹیسٹ میں عالمی وبا کا پرانا وائرس ہی سامنے آیا ہے۔