خواجہ آصف کو گرفتار نہیں غیر قانونی طریقے سے اٹھایا گیا، مریم نواز

خواجہ آصف کو گرفتار نہیں غیر قانونی طریقے سے اٹھایا گیا، مریم نواز

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے اہم ترین رہنما خواجہ آصف کی نیب کی جانب سے گرفتاری کے بعد مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اس وقت حکومت بوکھلاہٹ کا شکار نظر آ رہی ہے اور جس کا واضح ثبوت خواجہ آصف کو نیب نے حراست میں لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا حکومت کو خواجہ آصف کو ہر صورت میں چھوڑنا پڑے گا اور یہ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے انہیں وارننگ ہے۔ راتوں رات کسی لیڈر کو گرفتار کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ان کے پاس کسی کے خلاف کچھ بھی نہیں ہے اور ان کی شکست کے آثار ان کے چہروں پر نظر آ رہے ہیں اور خواجہ آصف کو غیر قانونی طریقے سے حراست میں لینا اس کی ایک کڑی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ چند روز قبل خواجہ آصف نے مجھے بتایا کہ کسی نے ان کو اپنے پاس بلایا اور کہا کہ آپ نواز شریف کو چھوڑ دیں تو آپ کے سارے کیس چند دنوں میں ختم ہو جائیں گے لیکن خواجہ آصف نے کہا کہ  نواز شریف کے ساتھ  میرے بال سفید ہوگئے ہیں اور میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں جبکہ ان کے بیانیے کے ساتھ کھڑا ہوں۔

مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ  خواجہ آصف نے یہ بتایا تھا کہ اس شخص نے انہیں کہا کہ اگر آپ نہیں مانیں گے  تو پھر آپ اس کے نتائج بھگتنے کے لئے تیار رہیں جس پر انہوں نے کہا کہ آپ جو بھی کر لیں میں نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہوں اور  اب ان کو گرفتار کر لیا گیا ۔ مریم نواز نے کہا جس شخص نے یہ سب کچھ خواجہ آصف کو کہا ہے ابھی اس کا نام نہیں لے سکتی لیکن مناسب وقت آنے پر اس کو بے نقاب کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب کو سیاسی مخالفین پر دباو ڈالنے کے لئے استعمال کیا جا رہا اور ہمارے اہم ترین رہنما کی گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ انہیں غیر قانونی طریقے سے اٹھایا گیا ہے۔ نیب لوگوں کے گھروں پر اس طرح وار کرتا ہے جس طرح شرپسند عناصر کرتے ہیں لیکن میں عدلیہ سے مطالبہ کرتی ہوں کہ قوم آپ کی طرف امید لگائے بیٹھی ہے اور آپ کی ذمہ داری ہے کہ قوم کو انصاف دیا جائے۔ نیب کسی شخص کو بغیر کسی کیس کے اٹھا لیتا ہے اور اس پر عدلیہ کو خاموش نہیں بلکہ ایکشن لینا چاہیئے۔ 

مریم نواز نے کہا کہ ان کو خوف تھا کہ اگر ن لیگ استعفے دے گی تو خواجہ آصف ایسی صورتحال میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں لیکن ہم ان کی گرفتاری سے ڈرنے والے نہیں ہیں کیونکہ میرے پاس سب اراکین اسمبلی کے استعفے آ چکے ہیں اور ہم حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے پریشان نہیں ہوں گے بلکہ یہ ہتھکنڈے ان کو ہی گھر لے جانے میں مدد کریں گے ۔  انہوں نے کہا میری کل پارٹی رہنماوں کے ساتھ میٹنگ ہے اور ہم اس بات کو ایسے نہیں جانے دیں گے جبکہ پی ڈی ایم اس پر ردعمل ظاہر کرے گی ۔ 

مریم نواز نے کہا کہ نیب کو آٹا چور، ادویات مہنگی کرنے والے، ملک کو لوٹنے والے نظر کیوں نہیں آ رہے ۔ کیا نیب اندھی ہے یا پھر بہت دباو میں ہے کیونکہ موجودہ صورتحال سے لگتا ہے کہ نیب پولیٹیکل انجنئیرنگ کا ادارہ بن گیا ہے۔