اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے 31 جنوری سے 3 فروری کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ ادارے کے مطابق اس دوران بعض علاقوں میں موسم کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق یکم فروری سے 3 فروری تک اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ اور گردونواح میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش متوقع ہے۔
اسی دوران، یکم سے 3 فروری کے درمیان مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ 31 جنوری اور یکم فروری کے دوران بلوچستان کے شمالی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔
ناران، کاغان، دیر، سوات کالام، چترال، کوہستان، مانسہرہ اور دیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اسی طرح شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، باغ اور ان کے اطراف میں بھی برفباری سے سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
31 جنوری اور یکم فروری کے دوران کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبد اللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی اور ژوب میں بھی سڑکوں پر پھسلن کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بالائی خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ظاہر کیا ہے۔ سیاحوں اور مقامی افراد کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔