Get Alerts

دیو آنند کے صاحبزادے اداکار و فلم ساز سنیل آنند لندن میں چل بسے

 دیو آنند کے صاحبزادے اداکار و فلم ساز سنیل آنند لندن میں چل بسے

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف لیجنڈری اداکار دیو آنند کے صاحبزادے، اداکار اور فلم ساز سنیل آنند 70 برس کی عمر میں لندن میں چل بسے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیل آنند کو اچانک دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ اتفاق سے ان کا انتقال بھی اسی ہسپتال میں ہوا جہاں ان کے والد دیو آنند نے 2011 میں آخری سانس لی تھی۔

خاندان کی جانب سے جاری بیان میں سنیل آنند کی بھتیجی جینا نارنگ نے بتایا کہ اہلِ خانہ اس مشکل گھڑی میں اظہارِ ہمدردی، تعاون پر تمام چاہنے والوں کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے عوام اور میڈیا سے درخواست کی کہ خاندان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔

سنیل آنند نے 1984 میں فلم "آنند اور آنند" کے ذریعے فلمی دنیا میں قدم رکھا، تاہم یہ فلم باکس آفس پر نمایاں کامیابی حاصل نہ کر سکی۔ بعد ازاں وہ "کار تھیف" (1986) اور "میں تیرے لیے" (1988) سمیت چند دیگر فلموں میں بھی نظر آئے، لیکن اداکاری کے میدان میں نمایاں مقام نہ بنا سکے۔

بعد میں انہوں نے اپنے والد کے قائم کردہ پروڈکشن ہاؤس "نوکیتن فلمز" کی انتظامی ذمہ داریاں سنبھالیں اور فلمی ادارے کے امور کی نگرانی میں اہم کردار ادا کیا۔

ٹیگز: