کیلیفورنیا: ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے پاکستانی تخلیق کاروں کی بڑھتی ہوئی عالمی مقبولیت پر نئی رپورٹ جاری کرتے ہوئے پاکستان کو دنیا کی تیزی سے ابھرتی ہوئی کری ایٹر کمیونٹیز میں شامل قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی یوٹیوبرز، فنکار اور ڈیجیٹل تخلیق کار اپنے منفرد اور معیاری مواد کے ذریعے نہ صرف ملک میں بلکہ دنیا بھر میں اپنی شناخت مضبوط بنا رہے ہیں۔ یوٹیوب کا کہنا ہے کہ پاکستانی کری ایٹرز تخلیقی اظہار کے نئے رجحانات متعارف کرا رہے ہیں، جس کے باعث ان کے مواد کو بین الاقوامی سطح پر بھی بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں موجود ناظرین بڑی تعداد میں پاکستانی یوٹیوب ویڈیوز دیکھ رہے ہیں، جس سے مقامی تخلیق کاروں کی عالمی رسائی مسلسل بڑھ رہی ہے۔
کمپنی کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد یوٹیوب چینلز ایسے ہیں جن کے سبسکرائبرز کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ اسی طرح 19 ہزار سے زیادہ چینلز ایک لاکھ سبسکرائبرز حاصل کر چکے ہیں، جبکہ 12 سو سے زائد چینلز نے 10 لاکھ سبسکرائبرز کا ہدف عبور کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک برس کے دوران پاکستانی صارفین نے یوٹیوب پر مجموعی طور پر 2 کروڑ گھنٹوں سے زیادہ دورانیے پر مشتمل ویڈیوز اپ لوڈ کیں، جو ملک میں ڈیجیٹل مواد کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تخلیق کی عکاسی کرتا ہے۔
یوٹیوب کے مطابق پاکستانی کری ایٹرز کی کامیابی کا سب سے نمایاں پہلو ان کی بین الاقوامی رسائی ہے، جہاں پاکستانی ویڈیوز کے مجموعی واچ ٹائم کا تقریباً 60 فیصد حصہ بیرونِ ملک موجود ناظرین کی جانب سے آتا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ جنوبی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ، یورپ اور شمالی امریکا سمیت مختلف خطوں میں پاکستانی یوٹیوبرز اپنے معیاری، مستند اور عالمی معیار کے مواد کے ذریعے بڑی تعداد میں ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کر رہے ہیں، جس سے پاکستان کی ڈیجیٹل کری ایٹر اکانومی کو بھی تقویت مل رہی ہے۔