Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے بلوں سے پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا اعلان کر دیا

وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے بلوں سے پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں بجلی کے بلوں میں سے پی ٹی وی لائسنس فیس ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے پاور سمارٹ موبائل ایپ "اپنا میٹر اپنی ریڈنگ" کی افتتاحی تقریب میں کیا، جس کا مقصد میٹر ریڈنگ کے عمل میں شفافیت لانا اور اوور بلنگ کو ختم کرنا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ "اپنا میٹر اپنی ریڈنگ" منصوبہ شہریوں کو طاقتور بنانے کے ساتھ ساتھ بجلی کے نظام میں اصلاحات کا ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں بہت سی اصلاحات کی گئیں، مگر ابھی بھی بہت کام باقی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو عوام تک پہنچنے سے روکنے کی بھرپور کوشش کی ہے اور اس سلسلے میں آج ملک بھر کے بجلی کے بلوں سے پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے بجلی کی قیمتوں کو کم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کیے ہیں، اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بھی عوام کو دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بجلی چوری کو بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سالانہ 500 ارب روپے کی بجلی چوری ہوتی ہے جسے روکنا بہت ضروری ہے۔

وزیراعظم نے شمسی توانائی کو سستی اور مؤثر توانائی کا ذریعہ قرار دیا اور کہا کہ پاکستان میں سولرائزیشن تیزی سے ہو رہی ہے، جسے حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ "اپنا میٹر اپنی ریڈنگ" ایپ سے صارفین کو زیادہ فائدہ ہوگا اور اسے ملک بھر میں عام کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ یہ ایپ پانچ زبانوں میں دستیاب ہے تاکہ ہر طبقے تک پہنچ سکے۔

وزیر توانائی اویس لغاری نے تقریب میں کہا کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے اوور بلنگ کا خاتمہ ضروری تھا اور گزشتہ سال 110 ارب روپے اوور بلنگ کے پیسے عوام کو واپس کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر میٹر ریڈنگ کا اختیار عام صارف کو دیا جا رہا ہے تاکہ بلوں میں شفافیت آئے اور غلط بلنگ کا خاتمہ ہو۔

ٹیگز: