Get Alerts

لاہور میں موسلادھار بارش اور آندھی سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

لاہور میں موسلادھار بارش اور آندھی سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

لاہور : لاہور اور گردونواح میں شدید آندھی اور موسلادھار بارش نے موسم کا رخ بدل دیا، جس سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ شہریوں نے ٹھنڈی ہواؤں اور بارش کے بعد سکھ کا سانس لیا۔

صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں بشمول شملہ پہاڑی، ایبٹ روڈ، ڈیوس روڈ، مال روڈ، شادمان، گلبرگ، سکیم موڑ، مغلپورہ، دھرمپورہ، ایئرپورٹ، یتیم خانہ، علامہ اقبال ٹاؤن، وحدت روڈ، مصطفیٰ ٹاؤن اور مسلم ٹاؤن میں شدید بارش ہوئی۔ بارش کے دوران تیز ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی اور حبس کی شدت میں خاطر خواہ کمی آئی۔

تاہم، تیز آندھی اور بارش کے باعث شہر میں بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوا ہے۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے مطابق مختلف علاقوں میں 178 فیڈرز ٹرپ کر گئے، جس کے نتیجے میں متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ لیسکو کی ٹیمیں متاثرہ فیڈرز کی بحالی میں مصروف عمل ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ٹیگز: