کراچی: کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا، جہاں سرمایہ کاروں کی فروخت کے دباؤ کے باعث مارکیٹ خسارے میں بند ہوئی۔
کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 1,156 پوائنٹس کی کمی کے بعد 1 لاکھ 78 ہزار 414 پوائنٹس پر آ گیا۔
دن بھر کے دوران 86 کروڑ سے زائد شیئرز کا لین دین ہوا، جن کی مجموعی مالیت 43 ارب روپے سے زیادہ رہی۔ مارکیٹ میں مندی کے باعث سرمایہ کاروں کی مجموعی مالیت (مارکیٹ کیپٹلائزیشن) میں 114 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد یہ 20 ہزار 20 ارب روپے رہ گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر کے ایس ای-100 انڈیکس 1 لاکھ 79 ہزار 571 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی دیکھی گئی۔ ڈالر 2 پیسے سستا ہونے کے بعد 278 روپے 18 پیسے پر بند ہوا، جبکہ اس سے قبل 24 جون کو اس کی قیمت 278 روپے 20 پیسے ریکارڈ کی گئی تھی۔