اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ صورتحال اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کے پیشِ نظر عوامی ریلیف کو اپنی اولین ترجیح قرار دے دیا ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں وزیراعظم نے ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے لیے کئی اہم اقدامات کی منظوری دی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں خطے کی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومتی فیصلوں کی بدولت ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی مناسب مقدار موجود ہے اور سپلائی میں کسی تعطل کا خطرہ نہیں۔شہباز شریف نے انکشاف کیا کہ عالمی سطح پر کشیدگی کے اثرات سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے وفاقی حکومت نے 125 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔ یہ رقم مختلف بچتوں اور ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کے ذریعے حاصل کی گئی ہے تاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکا جا سکے۔
وزیراعظم نے عوام سے گزارش کی کہ وہ 'بچت مہم' میں حکومت کا ساتھ دیں، غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور دفاتر میں ٹیلی کانفرنسنگ کو ترجیح دیں۔ وزیراعظم نے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کو رجسٹریشن ان کے اپنے نام کروانے کے لیے تمام سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس اقدام سے ملک بھر کی چھوٹی سواریوں کا ڈیٹا ڈیجیٹائز ہو جائے گا، جس کے نتیجے میں مستقبل میں حکومت کی طرف سے ملنے والا ریلیف براہِ راست اصل مالکان تک پہنچ سکے گا۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو تمام صوبائی چیف سیکرٹریوں کے ساتھ رابطے تیز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ان اقدامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔