لاہور : پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حیدرآباد کنگزمین کو 40 رنز سے ہرا دیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی گلیڈی ایٹرز نے ایونٹ میں اپنی مسلسل دوسری کامیابی سمیٹ لی ہے۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ نوجوان بلے باز شامل حسین نے اپنی عمدہ فارم برقرار رکھتے ہوئے 54 رنز کی اننگز کھیلی، جو اس ٹورنامنٹ میں ان کی مسلسل دوسری نصف سنچری ہے۔
دیگر بلے بازوں میں حسن نواز 53 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ٹام کرن نے 31 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ کنگزمین کی جانب سے میریڈتھ نے 3، جبکہ مہیش تھیکشنا اور عاکف جاوید نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد کنگزمین کی بیٹنگ لائن دباؤ کا شکار رہی اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر صرف 134 رنز بنا سکی۔ کنگزمین کی جانب سے عرفان خان نیازی 33، حسان خان 31 اور کپتان مارنس لبوشین 23 رنز بنا کر نمایاں رہے، تاہم کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سپنر ابرار احمد نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ احمد دانیال نے 2 جبکہ الزاری جوزف، عثمان طارق اور سعود شکیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔نوجوان بلے باز شامل حسین کو ان کی بہترین بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی (مین آف دی میچ) قرار دیا گیا۔