مالاکنڈ میں لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج، پی ٹی آئی کا ایک کارکن جاں بحق

مالاکنڈ میں لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج، پی ٹی آئی کا ایک کارکن جاں بحق

پشاور: مالاکنڈ کے علاقے درگئی میں لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کرنیوالے مظاہرین پر لیویز اہلکاروں کی فائرنگ سے پی ٹی آئی کا کارکن جاں بحق ہو گیا اور 8 زخمی ہو گئے۔ فائرنگ کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ ہو گئے ہیں۔ مشتعل افراد نے لیویز تھانے اور گرڈ اسٹیشن کے ریکارڈ روم کو آگ لگا دی ہے جبکہ مظاہرین کو کنٹرول کرنے کیلئے لیویز کی اضافی نفری طلب کر لی گئی۔

واقعے کے بعد زخمیوں کو علاج کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔ مظاہرین کے منتشر ہونے کے بعد مقامی سیاسی قیادت، پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری متاثرہ مقام پر پہنچ گئی جبکہ صورت حال کو مکمل کنٹرول کرنے کیلئے سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

ادھر اچینی بالا کے مکینوں نے طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف ایم پی اے فضل الٰہی کی قیادت میں احتجاج کیا۔ فضل الہیٰ کی قیادت میں مظاہرین نے رنگ روڈ بند کر دیا جبکہ واپڈا آفس میں داخل ہونے کی کوشش کی اس دوران ایم پی اے فضل الہیٰ کی حکام سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔

مظاہرین نے ایم پی اے فضل الٰہی کی قیادت میں واپڈا ہاؤس کے اندر دھرنا دے دیا۔ ترجمان پسکو کے مطابق احتجاج کر کے حالات کو دانستہ خراب کرنے کی کوشش کی گئی کیونکہ روزانہ کے احتجاج سے ہمارا کام کرنا مشکل ہو گیا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں