Get Alerts

ایلون مسک نے ٹرمپ انتظامیہ کو خیر باد کہہ دیا

ایلون مسک نے ٹرمپ انتظامیہ کو خیر باد کہہ دیا

واشنگٹن: دنیا کے امیر ترین شخص اور مشہور کمپنیوں جیسے ٹیسلا، اسپیس ایکس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مالک ایلون مسک نے ٹرمپ انتظامیہ کو بغیر اطلاع دیے چھوڑ دیا ہے۔ وہ امریکی حکومت کے ایک اہم مشیر اور محکمہ برائے حکومتی کارکردگی (DOGE) کے سربراہ کے طور پر کام کر رہے تھے۔

وائٹ ہاؤس کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایلون مسک نے اپنی 130 دن کی مدت پوری ہونے سے صرف دو دن پہلے ہی استعفیٰ دے دیا۔ وہ حکومت کے لیے خصوصی ملازم کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، مگر انہوں نے خاموشی سے عہدہ چھوڑ کر سب کو حیران کر دیا۔

مسک نے ایک دن پہلے سوشل میڈیا پر صدر ٹرمپ کے مجوزہ ٹیکس بل پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "بل یا تو بڑا ہو سکتا ہے یا خوبصورت، دونوں نہیں۔" ان کا کہنا تھا کہ بل میں ایسے نکات شامل ہیں جن سے وہ اتفاق نہیں کرتے اور یہ ان کے محکمے کی پالیسیوں کے برعکس ہے۔

ایکس پر اپنی پوسٹ میں ایلون مسک نے لکھا "خصوصی ملازم کی حیثیت سے میری مدت مکمل ہو چکی ہے، صدر ٹرمپ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے اخراجات کم کرنے کے مشن پر کام کا موقع دیا، مگر اب آگے بڑھنے کا وقت ہے۔"

ایلون مسک کے مطابق، ٹرمپ حکومت کا ٹیکس بل دراصل وفاقی اخراجات میں اضافہ کرے گا اور یوں وہ تمام اصلاحات بے اثر ہو جائیں گی جو حکومتی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے کی جا رہی تھیں۔ یاد رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اس وقت امیگریشن قوانین سخت کرنے اور ٹیکس اصلاحات پر کام کر رہی ہے، جس پر کئی حلقوں میں تنقید بھی کی جا رہی ہے۔

ٹیگز: