دبئی: شوبز انڈسٹری میں نمایاں خدمات انجام دینے پر متحدہ عرب امارات میں قائم پاکستانی سفارتخانے نے معروف اداکارہ ماہرہ خان اور اداکار و پروڈیوسر ہمایوں سعید کو خصوصی اعزازات سے نوازا۔
دونوں فنکار ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’لو گُرُو‘ کی بین الاقوامی تشہیر کے سلسلے میں یو اے ای کے دورے پر ہیں۔ اسی دوران پاکستانی سفارتی مشن نے ان کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی، جس میں اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر برائے متحدہ عرب امارات فیصل نیاز ترمذی نے دونوں فنکاروں کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ماہرہ خان اور ہمایوں سعید نے نہ صرف ٹیلی وژن بلکہ پاکستانی فلم انڈسٹری کی ترقی اور بحالی میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
تقریب میں سفارتی عملے کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی معزز شخصیات نے بھی شرکت کی، جبکہ موقع پر تصاویر اور ویڈیوز بنانے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر تقریب کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے پاکستانی سفارتخانے کا شکریہ ادا کیا اور اسے ایک "یادگار لمحہ" قرار دیا۔
ماہرہ اور ہمایوں اس سے قبل امریکا اور برطانیہ میں بھی اپنی فلم کی پروموشن کر چکے ہیں۔ ان کی فلم ’لو گُرُو‘ عید الاضحیٰ پر ریلیز کی جائے گی، جس کا مقابلہ فیصل قریشی اور سونیا حسین کی ہارر فلم ’دیمک‘ سے ہوگا۔