Get Alerts

بات چیت صرف پاکستان کے مفاد میں ممکن ہے، اپنے لیے کوئی رعایت نہ پہلے مانگی، نہ اب مانگوں گا:سینیٹر علی ظفر

بات چیت صرف پاکستان کے مفاد میں ممکن ہے، اپنے لیے کوئی رعایت نہ پہلے مانگی، نہ اب مانگوں گا:سینیٹر علی ظفر

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان نے ملکی مفاد میں اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا ہے کہ کسی قسم کی ذاتی رعایت یا سودے بازی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی ظفر نے بتایا کہ عمران خان نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ "بات چیت صرف پاکستان کے مفاد میں ممکن ہے، اپنے لیے کوئی رعایت نہ پہلے مانگی، نہ اب مانگوں گا۔"

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مؤقف ہے کہ اگر ملک میں استحکام، آئین کی بالادستی اور جمہوری عمل کی بحالی کے لیے بات چیت ضروری ہے تو وہ اس کے لیے ہمیشہ تیار ہیں، لیکن ذاتی مفاد یا مفاہمت کی بنیاد پر کوئی معاہدہ نہیں ہوگا۔

سینیٹر علی ظفر کے مطابق عمران خان نے پارٹی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ احتجاجی تحریک کے لیے تیار رہے۔ عمران خان نے خبردار کیا ہے کہ "اب میں زیادہ دیر خاموش نہیں رہوں گا، جو بھی دوہرا کھیل کھیل رہا ہے، اسے روک دیا جائے گا۔"

عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کے مقدمات میں تاخیر ناقابل قبول ہے، اور وہ صرف انصاف کا تقاضا کر رہے ہیں، کوئی ریلیف نہیں۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ آئندہ پانچ سے چھ دن میں تحریک انصاف اپنے آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

ٹیگز: