اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں جاری شدید اور طویل لوڈشیڈنگ پر کے الیکٹرک کو باقاعدہ نوٹس جاری کر دیا ہے۔
نیپرا کی جانب سے جاری کردہ خط میں کہا گیا ہے کہ ادارے کو شہریوں کی جانب سے بجلی کی طویل بندش کے حوالے سے بڑی تعداد میں شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ خط کے مطابق، شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی عدم فراہمی کا دورانیہ 12 گھنٹے سے بھی تجاوز کر چکا ہے، جب کہ انفرادی سطح پر بھی روزانہ ڈھائی سے تین گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
اتھارٹی نے شدید گرمی میں بجلی کی بندش کو شہریوں کے لیے ایک سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نہ صرف روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ اس لوڈشیڈنگ کے باعث تجارتی سرگرمیاں اور شہری معیشت بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
نیپرا نے کے الیکٹرک سے فوری طور پر لوڈشیڈنگ کی وجوہات پر وضاحت طلب کی ہے اور کہا ہے کہ شہریوں کو اس شدید گرمی میں بلاجواز تکلیف سے بچانے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔