Get Alerts

وزیراعظم شہباز شریف کی تاجک صدر امام علی رحمان سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف کی تاجک صدر امام علی رحمان سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے پر اتفاق

دوشنبے: وزیراعظم شہباز شریف نے تاجکستان کے دورے کے دوران صدر امام علی رحمان سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے تاجک صدر کو جنوبی ایشیا کی موجودہ صورتِ حال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جولائی 2024 کے دورہ تاجکستان نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی ایک مضبوط بنیاد فراہم کی، اور پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ روابط کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔

ملاقات میں دونوں قائدین نے سی پیک کو وسط ایشیا تک وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا اور اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔ ساتھ ہی تجارت، توانائی، دفاع، سلامتی اور علاقائی روابط کے شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔

وزیراعظم اور تاجک صدر نے کاسا-1000 منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ وزیراعظم نے پاک تاجک مشترکہ کمیشن کے فیصلوں پر عمل درآمد کو بھی انتہائی اہم قرار دیا۔

ملاقات میں دفاع، سلامتی، انسداد دہشت گردی کے لیے تعاون بڑھانے، اور منشیات و انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ اقدامات کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

تاجک صدر امام علی رحمان نے علاقائی امن و استحکام کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں کو سراہا اور ان کے کردار کی تعریف کی۔

ٹیگز: