پولیس نے عزیزآباد اسلحہ کیس حل کیے بغیر بند کر دیا

کراچی پولیس نے ایک اور ہائی پروفائل کیس حل کیے بغیر ہی بند کردیا، عزیزآباد کے مکان سے اسلحہ ملنے کا کیس بند کرنے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی گئی

پولیس نے عزیزآباد اسلحہ کیس حل کیے بغیر بند کر دیا

کراچی : کراچی پولیس نے ایک اور ہائی پروفائل کیس حل کیے بغیر ہی بند کردیا، عزیزآباد کے مکان سے اسلحہ ملنے کا کیس بند کرنے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی گئی۔عزیز آباد کے مکان میں واقع تہہ خانے سے ملنے والے اسلحے کے حوالے سے کراچی پولیس چیف کی نیوز کانفرنس میں بڑے بڑے دعوے کیے گئے لیکن تفتیش صفر رہی۔نیٹو کا اسلحہ، فورسز کا اسلحہ، اینٹی ایئرکرافٹ گنیں اور نہ جانے کیا کیا دکھایا گیا پر تفتیشی افسر کو نہ اسلحے کا سراغ ملا، نہ چھپانے والوں کا۔

عزیز آباد سے اسلحہ برآمد کرنے پر کراچی پولیس چیف سے لے کر آئی جی تک خم ٹھونکتے رہے، بڑی کامیابی بتاتے رہے، ملزمان تک پہنچنے کے دعوے کرتے رہے ہیں، بڑے ناموں اور سیاسی جماعت کا ذکر ہوتا رہا، مگر یہ سارے دعوے تفتیش کی باری آنے پر دھرے رہ گئے۔ دو ماہ بعد ہی پولیس نے ہاتھ کھڑے کر کے عدالت میں کیس بند کرنے کی رپورٹ جمع کرادی۔ تفتیشی افسر نے انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا ہے کہ کوشش کے باوجود اسلحہ چھپانے والوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا، نہ مدعی ملا نہ شہادت ملی اور اس طرح عزیزآباد کے اسلحے کا کیس بھی کئی ہائی پروفائل کیسز کی طرح داخل دفتر ہوگیا۔
#/S