کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صحافیوں کے لیے مراعات اور میڈیا کے ساتھ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے صحافی مشکل حالات سے گزر رہے ہیں، اور حکومت ان کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ شہداء صحافیوں کے لیے فری فلیٹس فراہم کیے جائیں گے اور ان کے بچوں کو مفت تعلیم دی جائے گی۔ فلیٹس کی تقسیم میرٹ کی بنیاد پر ہوگی اور یکم جنوری 2027 سے صحافیوں کو ہاؤسنگ فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو خالی فائلیں نہیں دی جائیں گی بلکہ مکمل فلیٹس بن کر فراہم کیے جائیں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے صحافیوں سے گزارش کی کہ وہ ڈیجیٹل میڈیا کی طرف بھی جائیں اور کہا کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا دوبارہ مقبول ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے ساتھ حکومت کا تعلق ہمیشہ سے اچھا رہا ہے اور تنقید کو برداشت کرنے کا دامن کبھی نہیں چھوڑا۔
وزیر اعلیٰ نے دہشت گردی میں شہداء ہونے والے 280 افراد کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ ان خاندانوں کی ذمہ داری اٹھا رہے ہیں اور ہمیشہ مظلوم کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی پسند تنظیموں نے کم عمر نوجوانوں کو اغوا کر کے بھاری رقم کی ڈیمانڈ کی، لیکن بلوچستان ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔