ٹی ایل پی کے خلاف آپریشن کی مخالفت، عمران خان انا ختم کرکے مذاکرات کریں: پرویز الہٰی

ٹی ایل پی کے خلاف آپریشن کی مخالفت، عمران خان انا ختم کرکے مذاکرات کریں: پرویز الہٰی
سورس: فائل فوٹو

لاہور : اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے ٹی ایل پی کے خلاف آپریشن کی مخالفت کردی ہے۔ کہتے ہیں دشمن ملک سے مذاکرات ہو سکتے ہیں تو اپنے عوام سے کیوں نہیں؟

نیو نیوز کے مطابق چودھری پرویز الٰہی نے موجودہ صورتحال پر اپنے بیان میں کہا کہ حکمران انا ختم کر کے مذاکرات سے مسئلہ حل کریں ۔ حکومتوں کی کوئی انا نہیں ہوتی خون خرابے کے ذمہ دار نہ بنیں۔ 

انہوں نے کہا کہ دشمن ملک سے مذاکرات ہو سکتے ہیں تو اپنے ملک کی عوام سے کیوں نہیں۔ سیکڑوں پولیس اہلکار زخمی ہیں، ساری صورتحال میں نقصان صرف اپنے ملک کا ہو رہا ہے۔

چودھری پرویزالٰہی کا کہنا ہے کہ پولیس کے شہید اور بے گناہ مارے جانے والے لوگ کیا کسی سے کم مسلمان ہیں۔ان کی بیواؤں اور بچوں سے پوچھیں وہ کس حال میں ہیں۔ حکمرانوں کے پاس اس کے سوا اور کوئی چارہ نہیں کہ امن بحال ہو۔ 

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ سارا مسئلہ ان کے ذمے لگ رہا ہے ۔ بات چیت کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں ۔ مسئلے کا حل مذاکرات سے ہی نکلے گا۔ جب دونوں اطراف سے اپنے ہی مسلمان مر رہے ہوں تو نقصان کس کا ہو رہا ہے۔