ریاض: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی وفاقی اتھارٹی برائے شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی (آئی سی پی) نے 29 ستمبر کو ویزا قوانین میں نئی ترامیم کا اعلان کیا ہے۔ نئی تبدیلیوں کے تحت مصنوعی ذہانت، تفریح، ایونٹس، کروز شپ اور لیژر بوٹس کے ماہرین کے لیے چار نئی وزٹ ویزا کیٹیگریز متعارف کرائی گئی ہیں۔
نئے قواعد کے مطابق انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک سال کے لیے رہائشی پرمٹ جاری کیا جائے گا، جسے مخصوص شرائط کے تحت اتھارٹی کی منظوری سے بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔ غیر ملکی بیوہ یا مطلقہ خواتین کو بھی ایک سال کے لیے رہائشی پرمٹ دیا جائے گا، جو شرائط پوری ہونے پر دوبارہ تجدید کیا جا سکتا ہے۔
وزٹ ویزا اسپانسر کو تیسرے درجے تک کے دوست یا رشتہ دار کو اسپانسر کرنے کی اجازت دی گئی ہے، جس کا انحصار اسپانسر کی آمدنی پر ہوگا۔ اس کے علاوہ بزنس ایکسپلوریشن ویزا کے لیے درخواست گزار کا مالی طور پر مستحکم ہونا لازمی ہوگا تاکہ وہ ملک میں کمپنی قائم کر سکے یا بیرون ملک کسی کمپنی میں شراکت داری کا ثبوت دے سکے۔
ٹرک ڈرائیور ویزا کے لیے اسپانسر کی موجودگی، صحت اور مالی ضمانتیں درکار ہوں گی۔ ہر ویزا کی مدت اور توسیع کی شرائط کے لیے واضح شیڈولز مرتب کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مارچ 2025 میں دبئی نے ملک بدری اور سفری پابندیوں سے متعلق نئے قوانین نافذ کیے تھے، جن کا مقصد قانونی پیچیدگیوں کو دور کرنا اور ملک بدری کے فیصلوں کو موثر بنانا ہے۔