نئی دہلی: پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے ردعمل کی تیاری تیز ہو گئی ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت سکیورٹی حکام کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں فوج کو کارروائی کی اجازت دے دی گئی۔
اجلاس میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مشیر قومی سلامتی اجیت ڈوول اور مسلح افواج کے سربراہان شریک تھے۔ مودی نے فوج کو واضح طور پر کہا کہ کارروائی کب، کہاں اور کیسے کرنی ہے، یہ فیصلہ فوج خود کرے۔
بھارتی ذرائع کے مطابق حکومت نے حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا ہے۔ اسی تناظر میں بھارتی فوج کی شمالی کمانڈ میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے، اور لیفٹننٹ جنرل سکھیندرا کمار کی جگہ اب لیفٹننٹ جنرل پراتک شرما کو کمانڈر تعینات کیا گیا ہے۔
شمالی کمانڈ، جو جموں و کشمیر، لداخ، اور پاکستان و چین سے جڑے حساس علاقوں کی نگرانی کرتی ہے، اب نئے کمانڈر کی قیادت میں ممکنہ ردعمل کی تیاری کر رہی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم مودی بدھ کو سکیورٹی، معاشی اور سیاسی امور پر اہم اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔