نیویارک : معروف امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ بھارت کی مودی سرکار نے پہلگام حملے کو بہانہ بنا کر مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر مظالم کی شدت بڑھا دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس واقعے کے بعد ہزاروں مسلمانوں کو حراست میں لیا گیا، جب کہ متعدد گھروں کو مسمار کر دیا گیا۔
اخبار نے واضح کیا کہ انتہا پسند ہندو گروپوں نے اس واقعے کو مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز مہم کے طور پر استعمال کیا، اور حکومت کی خاموش حمایت نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو مزید تقویت دی۔
ایشیا کے لیے ہیومن رائٹس واچ کی ڈپٹی ڈائریکٹر میناکشی گنگولی نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلگام جیسے حملے کو اقلیتوں پر انتقامی کارروائیوں کے جواز کے طور پر نہیں لیا جانا چاہیے، کیونکہ اس سے نہ صرف ظلم میں اضافہ ہوگا بلکہ عالمی سطح پر بھارت کو سخت ردعمل کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ اور انسانی حقوق کی تنظیمیں پہلے بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالیوں کی نشان دہی کرتی رہی ہیں۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ بھارت کی سرکاری پالیسیوں پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے، جو عالمی سطح پر تشویش پیدا کر رہا ہے۔