Get Alerts

پی ایس ایل10: لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 210 کا ہدف دے دیا

پی ایس ایل10: لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 210 کا ہدف دے دیا

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے 19ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 209 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجا دیا۔ یہ میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا انتخاب کیا، مگر لاہور نے پر اعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے ابتدا سے ہی دباؤ ڈال دیا۔

اوپنرز فخر زمان اور محمد نعیم نے 50 رنز کی تیز شراکت سے ٹیم کو اچھا آغاز دیا۔ نعیم 22 گیندوں پر 25 رنز بنا کر ڈائریکٹ تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان نے 30 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے۔

فخر اور عبداللہ شفیق کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 47 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی، تاہم عماد وسیم نے یکے بعد دیگرے دونوں سیٹ بلے بازوں کو میدان بدر کر دیا۔ عبداللہ نے 17 گیندوں پر 22 رنز اسکور کیے۔

اس کے بعد سیم بلنگز اور ڈیرل مچل نے تیز رفتار 37 رنز کی پارٹنرشپ بنائی، مچل نے 18 گیندوں پر 28 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں 2 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔

اننگز کے آخری اوورز میں بلنگز اور سکندر رضا نے زبردست بلے بازی کی، دونوں کے درمیان 64 رنز کی دھواں دار شراکت قائم ہوئی۔ رضا نے 17 گیندوں پر 39 رنز بنائے، جس میں 3 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے، جبکہ بلنگز 17 گیندوں پر 38 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد کی جانب سے عماد وسیم اور جیسن ہولڈر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ڈوارشویس نے ایک وکٹ حاصل کی۔