کشمیری رہنما سید صلاح الدین کے بیٹے کو قابض بھارتی فوج نے گرفتار کر لیا

کشمیری رہنما سید صلاح الدین کے بیٹے کو قابض بھارتی فوج نے گرفتار کر لیا
کیپشن: سید صلاح الدین کے گرفتار صاحبزادے شیر کشمیر انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں ملازم ہیں۔۔۔۔فائل فوٹو

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض فورسز کے مظالم کے خلاف حریت قیادت کی کال پر ہڑتال کی جا رہی ہے جب کہ بھارتی فورسز نے حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کے صاحبزادے کو گرفتار کر لیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی آئین کا آرٹیکل 35 اے ختم کرنے کی کوششوں کے خلاف حریت قیادت کی کال پر ہڑتال کی جا رہی ہے۔ آرٹیکل منسوخ کرنے کا مقصد غیر کشمیریوں کو وادی میں زمین خریدنے کا حق دینا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فورسز نے سربراہ حزب المجاہدین سید صلاح الدین کے صاحبزادے شکیل کو گرفتار کر لیا اور گرفتاری کے حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ انہیں دہشت گردی فنڈنگ کے مقدمے میں حراست میں لیا گیا۔

سید صلاح الدین کے گرفتار صاحبزادے شیر کشمیر انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں ملازم ہیں۔ اس سے قبل بھی بھارتی فورسز نے سید صلاح الدین کے دوسرے بیٹے کو 2017 میں گرفتار کیا تھا۔

دوسری جانب بھارتی فورسز کی جانب سے ضلع باندی پورہ کے علاقے حاجن کے محاصرے کے دوران بھارتی فائرنگ سے شہید کشمیریوں کی تعداد 2 ہو گئی۔

قابض انتظامیہ نے حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کو گھر میں نظر بند کر دیا اور سری نگر سمیت دیگر اضلاع میں پولیس کا گشت بڑھا دیا۔