عمران خان نے توہین عدالت کی سماعت کرنے والے بنچ پر اعتراض کردیا 

عمران خان نے توہین عدالت کی سماعت کرنے والے بنچ پر اعتراض کردیا 
سورس: File

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان نے توہین عدالت کے شوکاز کے جواب میں سماعت کرنے والے اسلام آباد ہائیکورٹ کے بینچ پر بھی اعتراض اٹھایا ہے۔

نیو نیوز کے مطابق عمران خان کا کہنا  ہے کہ قائم مقام چیف جسٹس نے آبزرویشن دی کہ معاملہ “ٹی روم “ میں زیر بحث آیا اور آبزرویشن میں کہا گیا تمام ساتھی ججوں نے توہین عدالت کی کارروائی پر اتفاق کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت سنجیدہ نوعیت کی ضابطے کی خلاف ورزی ہے۔ معاملے کو پہلے سے جج کرنے والے معزز جج صاحبان کیس سے الگ ہونے پر غور کریں۔

عمران خان نے شوکاز نوٹس کے جواب میں لکھا کہ اس کو عارضی جواب سمجھا جائے کیونکہ ماتحت عدالت کا ریکارڈ نہیں مل سکا، محدود معلومات اور جوڈیشل ریکارڈ کی بنیاد پر جواب تیار کیا ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ توہین عدالت کا شوکاز نوٹس واپس لیا جائے۔

خیال رہے کہ 20 اگست کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شہباز گل پر مبینہ تشدد کے خلاف آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد پرکیس کرنےکا اعلان کیا تھا اور دوران خطاب عمران خان نے شہباز گل کا ریمانڈ دینے والی خاتون مجسٹریٹ زیبا چودھری کو نام لے کر دھمکی بھی دی تھی۔

مصنف کے بارے میں