اسلام آباد:پاکستان کو امریکہ میں مچھلی برآمد کرنے کے لیے 4 سالہ اجازت مل گئی ہے، جس سے پاکستانی فشریز کی برآمدات کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور، جنید انوار چودھری نے اس پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے مچھلی کی برآمدات کی منظوری پاکستانی سی فوڈ کے عالمی معیار کا اعتراف ہے۔
جنید انوار چودھری نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال پاکستان نے 2 لاکھ 42 ہزار ٹن مچھلی برآمد کی، اور اس سال 600 ملین ڈالر کی برآمدات کی توقع ہے۔ ان کے مطابق، پاکستانی فشریز نے امریکی معیار کو پورا کیا ہے، جس سے سمندری مصنوعات کی برآمدات میں تسلسل ممکن ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس اجازت سے پاکستان کی مچھلی کی برآمدات کو امریکا کے ساتھ ایک مستحکم تجارتی تعلق قائم کرنے میں مدد ملے گی، اور یہ پاکستان کی معیشت کے لیے ایک مثبت قدم ثابت ہوگا۔