کوہاٹ:کوہاٹ امن معاہدہ نے ضلع کرم میں دیرپا امن کے قیام اور ترقی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ کرم کے دلیر عوام اور مقامی عمائدین نے شرپسند عناصر کے عزائم کو ناکام بنا دیا ہے۔
نومبر 2024 میں پارہ چنار جانے والے 200 سے زائد گاڑیوں کے قافلے پر حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 49 شہری اور تاجر جاں بحق ہوئے تھے۔ اس کے بعد کوہاٹ امن معاہدہ نے اس علاقے میں پائیدار ترقی کے سفر کا آغاز کیا، جس سے امن اور استحکام کی فضا قائم ہوئی۔
امن معاہدے پر عمل درآمد کے نتیجے میں 997 بنکرز کو مسمار کیا جا چکا ہے، اور ضلع کرم میں رضا کارانہ طور پر اسلحہ واپسی کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔ ٹل اور پارہ چنار روڈ کو شرپسندوں سے محفوظ بنانے کے لیے 120 سے زائد خصوصی پوسٹوں کا قیام کیا گیا ہے۔
علاقے میں اسٹریٹ لائٹس اور سولرائزیشن منصوبوں کی تکمیل سے کرم کے متعدد علاقوں میں روشنی اور ترقی کا نیا دور شروع ہو چکا ہے۔ بگن بازار میں 102 نئی دکانوں کی تعمیر کر کے چابیاں دکانداروں کے حوالے کر دی گئی ہیں، جس سے تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔