امریکہ : معروف امریکی گلوکارہ اور اداکارہ ڈولی پارٹن کے انتقال کے بعد ان کی موسیقی کو دنیا بھر میں زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ مداحوں کی جانب سے ان کے مشہور گانوں کو دوبارہ سننے کے باعث مختلف سٹریمنگ پلیٹ فارمز پر ان کی مقبولیت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈولی پارٹن کی وفات کی خبر سامنے آنے کے بعد ان کے آڈیو اور ویڈیو مواد کی سٹریمنگ میں اچانک کئی گنا اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں وہ عالمی سطح پر سب سے زیادہ سٹریم کی جانے والی فنکارہ بن گئیں۔
موسیقی کے اعداد و شمار فراہم کرنے والی ایک کمپنی کے مطابق ڈولی پارٹن کے انتقال کے روز ان کے آڈیو اور ویڈیو سٹریمز معمول کے تقریباً 25 لاکھ سے بڑھ کر 3 کروڑ 50 لاکھ تک پہنچ گئے۔ اس طرح صرف ایک دن کے دوران ان کی سٹریمنگ میں تقریباً 1280 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
امریکا میں ڈولی پارٹن کے گانوں کی مقبولیت میں اضافہ مزید نمایاں رہا، جہاں ان کے آڈیو اور ویڈیو سٹریمز روزانہ کے تقریباً 12 لاکھ سے بڑھ کر 2 کروڑ 63 لاکھ تک جا پہنچے۔
مداحوں نے اپنی پسندیدہ فنکارہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے مشہور گانے دوبارہ سننا شروع کیے، جبکہ نئی نسل کے سامعین نے بھی ان کی موسیقی میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
ڈولی پارٹن نے کئی دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں گلوکاری، نغمہ نگاری اور اداکاری کے شعبوں میں اپنی منفرد شناخت بنائی۔ ان کے انتقال کے بعد گانوں کی اسٹریمنگ میں ہونے والا ریکارڈ اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کی موسیقی آج بھی دنیا بھر میں سامعین کے دلوں میں خاص مقام رکھتی ہے۔
ڈولی پارٹن کی آواز اور ان کا فن ان کے مداحوں کے لیے آج بھی زندہ ہے، اور ان کے گانوں کی بڑھتی ہوئی اسٹریمنگ ان کی یاد کو تازہ رکھنے کا ایک خوبصورت ذریعہ بن گئی ہے۔