Get Alerts

کریوابلیشن مشینوں سے 70 سے زائد مریضوں کا مفت علاج، عظمیٰ بخاری نے حقائق بتا دیے

کریوابلیشن مشینوں سے 70 سے زائد مریضوں کا مفت علاج، عظمیٰ بخاری نے حقائق بتا دیے

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے مزمل اسلم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کریوابلیشن مشینوں سے متعلق ویڈیو بھی ایکس پر پوسٹ کردی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میو ہسپتال لاہور میں 70 مریض پہلے ہی کریوابلیشن مشینوں کے ذریعے کینسر کے علاج سے مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ مزید 5 مشینیں مختلف اسپتالوں کے لیے پہنچ چکی ہیں اور اپنا کام شروع کر رہی ہیں۔

صوبائی وزیر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مزید 5 کریوابلیشن مشینیں خرید کر تنصیب کے لیے روانہ کردی گئی ہیں۔ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ لاہور کے لیے 2، نشتر اسپتال ملتان، الائیڈ ہسپتال فیصل آباد اور بے نظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی کے لیے ایک، ایک مشین روانہ کی گئی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ پنجاب میں پہلی بار کریوابلیشن مشین 2025 میں میو ہسپتال لاہور میں متعارف کرائی گئی، جہاں اسٹیج ون کینسر میں مبتلا 70 سے زائد مریضوں کا کامیابی سے مفت علاج کیا جاچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت سالانہ 5 ارب روپے مریضوں کے علاج پر خرچ کر رہی ہے اور کینسر کے بروقت و مؤثر علاج کی سہولت پنجاب بھر کے مریضوں کو فراہم کی جا رہی ہے۔

مزمل اسلم کو جواب دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ’’نالائقی اور جہالت کا کوئی نعم البدل نہیں‘‘، لکھنے سے پہلے حقائق چیک کرلینے چاہئیں۔ انہوں نے مزید سوال کیا کہ خیبر پختونخوا میں 17 سال کے دوران کیا کارنامے سرانجام دیے گئے ہیں؟

ٹیگز: