لیپہ : وادی لیپہ میں شدید سردی، بھاری برف باری اور خون جما دینے والے درجہ حرارت کے باوجود پاک فوج کے جوان عوامی خدمت اور امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ دشوار گزار جغرافیائی حالات اور راستوں کی بندش کے باوجود فوجی دستے دن رات شاہراہوں کی بحالی کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔
حالیہ برف باری کے باعث وادی کے کئی علاقوں کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا، جسے بحال کرنے کے لیے پاک فوج نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے: فوجی دستے جدید مشینری اور دستی وسائل کی مدد سے سڑکوں اور رابطہ سڑکوں سے برف ہٹا کر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ برف میں محصور ہو جانے والے علاقوں کا زمینی رابطہ دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے تاکہ خوراک اور ادویات کی سپلائی متاثر نہ ہو۔شدید موسم میں پاک فوج کی عوام دوستی اس وقت مزید نمایاں ہوئی جب طبی ایمرجنسی کا سامنا کرنے والی ایک خاتون کو جان لیوا حالات سے نکالا گیا۔
شدید برف باری کے باعث ایمبولینس کا پہنچنا ناممکن تھا، ایسے میں فوجی جوانوں نے دشوار گزار راستوں سے خاتون کو ریسکیو کر کے فوری طبی امداد فراہم کی اور ہسپتال منتقل کیا۔ وادی کے مکینوں نے پاک فوج کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں فوج ان کے ساتھ کھڑی نظر آتی ہے۔
پاک فوج کے حکام کا کہنا ہے کہ موسم کی سختی یا حالات کی دشواری ان کے عزم میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ وادی لیپہ کے عوام کے تحفظ اور ان کی ضروریات کی فراہمی تک ریلیف آپریشن جاری رہے گا۔