لاہور: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی چمکتی دمکتی ٹرافی اپنے عالمی سفر کے دوران لاہور پہنچ گئی، جہاں نجی کالج میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں اس کی رونمائی کی گئی۔ٹرافی کے دورہ لاہور کے پہلے مرحلے میں ایک مقامی نجی کالج میں تقریب منعقد کی گئی، جس میں آسٹریلوی ہائی کمشنر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے ٹرافی کی رونمائی کی اور اس کے ساتھ یادگار تصاویر بنوائیں۔ اس موقع پر کالج کی طالبات میں بھی شدید جوش و خروش دیکھا گیا، جو ٹرافی کے ساتھ سیلفیاں بناتی رہیں۔
تقریب کے دوران خواتین کے کرکٹ میچز کا بھی انعقاد کیا گیا۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کرکٹ میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا گرلز کرکٹ کے ذریعے پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی خواتین دیگر شعبوں کی طرح کرکٹ کے میدان میں بھی نمایاں مقام حاصل کریں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری سیریز کے دوسرے اور تیسرے ٹی 20 میچز کے دوران بھی ٹرافی کی نمائش کی جائے گی۔ شیڈول کے مطابق فوٹو شوٹ: کھلاڑیوں کے ساتھ ٹرافی کا خصوصی فوٹو سیشن منعقد ہوگا۔ قذافی سٹیڈیم کے باہر پی سی بی (PCB) کی آفیشل شاپ پر عام شائقین کے لیے بھی ٹرافی رکھی جائے گی۔ سیریز کے آخری میچ کے دوران میڈیا اور وی آئی پی مہمانوں کے لیے خصوصی ڈسپلے کا اہتمام کیا جائے گا۔