کولمبو : سری لنکا نے آئی سی سی کی جانب سے بنگلہ دیش کو 2026 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے نکالے جانے کے معاملے پر بالآخر خاموشی توڑ دی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے سری لنکا کے کرکٹ سیکریٹری بندولا ڈسا نائیکے نے کہا کہ بھارت، بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان تنازع پر سری لنکا نیوٹرل رہا ہے کیونکہ یہ تمام ہمارے دوست ممالک ہیں۔
بندولا ڈسا نائیکے نے مزید کہا کہ اگر سری لنکا سے درخواست کی گئی تو ہم مستقبل میں بھی ٹورنامنٹس کی میزبانی کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب، سری لنکا کے وزیر کھیل سنیل کمار گمبگے کا کہنا تھا کہ سری لنکا اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے کہ ٹورنامنٹ بہترین انداز میں چلایا جائے، اور خاص طور پر پاکستان اور بھارت کے میچ پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی اور بنگلہ دیش کے درمیان تنازع تقریباً تین ہفتے تک جاری رہا، تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے دباؤ میں آ کر بنگلہ دیش کا مؤقف تسلیم کرنے سے انکار کیا اور آخرکار اسے ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔