ورلڈ بینک نے پاکستان کو 10 کروڑ ڈالر امداد دینے کا اعلان کر دیا

ورلڈ بینک نے پاکستان کو 10 کروڑ ڈالر امداد دینے کا اعلان کر دیا
کیپشن: ورلڈ بینک نے پاکستان کو 10 کروڑ ڈالر امداد دینے کا اعلان کر دیا
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 10  کروڑ ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے اور یہ رقم سندھ کے دور دراز علاقوں میں بنیادی تعلیم کی فراہمی پر خرچ کرے گی۔

اعلامیے کے مطابق یہ رقم صوبہ سندھ میں ابتدائی تعلیم اور شرح خواندگی بہتر بنانے کے منصوبوں پر خرچ ہو گی۔ صوبائی حکومت یہ رقم پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں بنیادی تعلیم کی فراہمی پر خرچ کرے گی۔

ورلڈ بینک کی مدد سے اس منصوبے میں ابتدائی طلبا کی سیکھنے اور پڑھنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ فنڈز کی مدد سے طلبا کو ہنر مند بنانے میں مدد ملے گی۔

اس منصوبے سے تعلیمی اداروں کی کمی دور کرنے اور ان کے انتظامات بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اس مقصد کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو اسکولز میں داخل کرایا جائے اور وہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔

ان فنڈز کا استعمال تعلیمی اداروں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے اور طلبا بالخصوص لڑکیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے میں کیا جائے گا۔ تعلیمی اداروں میں بجلی اور صاف پانی کی فراہمی سمیت نکاس آب کا مناسب انتظام بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔ ورلڈ بینک کی مدد سے طلبا کی حاضری کو مانیٹر کرنے کا جدید نظام بھی لگایا جائے گا۔