Get Alerts

حکومت انسانی سمگلنگ جیسے سنگین اور منظم جرم کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے، شہباز شریف

حکومت انسانی سمگلنگ جیسے سنگین اور منظم جرم کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے، شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت انسانی سمگلنگ جیسے سنگین اور منظم جرم کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ انسانی سمگلنگ ایک ایسی بھیانک حقیقت ہے جس کے اثرات صرف ان افراد پر نہیں پڑتے بلکہ پورے معاشرے کی سلامتی کو بھی متاثر کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس سال عالمی دن کا موضوع "انسانی سمگلنگ: ایک منظم گروہی جرم، استحصال کا خاتمہ" ہے، جس کا مقصد اس جرم کے اثرات سے عوام کو آگاہ کرنا اور اس کے روک تھام کے لیے عالمی سطح پر تعاون بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ گروہ دنیا بھر میں معاشی مشکلات کا شکار افراد کو جھوٹے خواب دکھا کر انسانی سمگلنگ کا شکار بناتے ہیں، جس کے نتیجے میں یہ افراد بدترین استحصال کا سامنا کرتے ہیں۔ شہباز شریف نے پاکستان میں سمندر میں تارکین وطن کی جانوں کے ضیاع جیسے افسوسناک واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ انسانی سمگلنگ کی ہولناک حقیقت کو بے نقاب کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے اس سنگین مسئلے کے تدارک کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دی ہے جو انسانی سمگلنگ کے ملوث عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ ایف آئی اے، انٹیلی جنس بیورو اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی محنت سے انسانی سمگلنگ کی کارروائیوں میں کمی آئی ہے اور کئی سرکاری اہلکاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا گیا ہے۔

وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی یا گمراہ کن راستوں کا انتخاب نہ کریں، کیونکہ اس سے نہ صرف جان کا خطرہ ہوتا ہے بلکہ ملکی اور بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہوتی ہے۔

آخر میں، وزیراعظم نے میڈیا، سول سوسائٹی اور بین الاقوامی شراکت داروں سے کہا کہ وہ انسانی سمگلنگ کے خلاف آگاہی مہمات میں حکومت کا ساتھ دیں تاکہ ایک محفوظ، باوقار اور استحصال سے پاک معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔

ٹیگز: