لاس اینجلس : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس کے لیے مینز کرکٹ ٹیموں کے کوالیفائی کرنے کا طریقہ کار طے کر لیا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق، اولمپکس کے لیے کرکٹ کی ٹیموں کی کوالیفیکیشن ریجنل فارمولے کے تحت ہوگی، جس میں ایشیا، اوشنیا، افریقا اور یورپ کے ٹاپ رینک ٹیموں کو براہ راست کوالیفائی کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
امریکا بحیثیت میزبان ملک اولمپکس میں شرکت کرے گا، تاہم چھٹی ٹیم کے کوالیفکیشن کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق، آئی سی سی کے اس فارمولے پر نیوزی لینڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈز نے تنقید کی ہے۔ دونوں بورڈز کا کہنا ہے کہ اس فارمولے کے تحت پاکستان کا براہ راست اولمپک میں جگہ بنانا مشکل ہو جائے گا۔ اس وقت پاکستان کی آئی سی سی رینکنگ آٹھویں ہے جبکہ بھارت پہلی پوزیشن پر ہے، جس کی وجہ سے بھارت کو براہ راست اولمپک میں جگہ مل جائے گی۔
نیوزی لینڈ کو اوشنیا ریجن سے چوتھی پوزیشن پر ہونے کے باوجود کوالیفائی نہیں کیا جائے گا، کیونکہ اس ریجن سے عالمی رینکنگ کی دوسری ٹیم آسٹریلیا کو کوالیفائی کرنے کا موقع ملے گا۔ امریکا کی ٹیم رینکنگ میں 17ویں نمبر پر ہونے کے باوجود میزبان ملک ہونے کی وجہ سے براہ راست اولمپکس میں جگہ پائے گی۔ یورپ کے علاقے سے برطانیہ کی ٹیم کوالیفائی کرے گی، اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے سکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے ساتھ بات چیت کا عمل جاری رکھا ہے۔
ویمنز کرکٹ ٹیموں کے کوالیفکیشن کا فیصلہ اگلے سال ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں کیا جائے گا، اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے آئی سی سی کے ریجنل کوالیفائنگ فارمیٹ کی حمایت کی ہے۔
128 سال کے بعد کرکٹ کی واپسی پر اولمپکس میں مینز اور ویمنز کرکٹ کے لیے 6، 6 ٹیموں کی شرکت متوقع ہے۔