نئی دہلی:بھارت کے حالیہ فوجی آپریشن سندور کی ناکامی اور اس کے دوران بھارتی فضائیہ کو پہنچنے والے شدید نقصانات پر بھارتی لوک سبھا میں سخت ہنگامہ ہوا۔ حزبِ اختلاف کے ارکان نے حکومت مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ آپریشن کی اصل تفصیلات چھپا رہی ہے اور پارلیمان کو حقائق سے محروم رکھا گیا ہے۔
سماج وادی پارٹی کے رہنما اکھلیش یادیو نے طنزیہ انداز میں سوال کیا کہ ’’جن طیاروں کی پوجا لیموں اور مرچ لگا کر کی گئی تھی، وہ کہاں گئے؟‘‘ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام کو واضح کرے کہ کتنے طیارے آپریشن میں استعمال ہوئے اور کتنے واپس لوٹے۔
حزبِ اختلاف کے دیگر اراکین نے کہا کہ حکومت صرف میڈیا پر کامیابی کے دعوے کر رہی ہے جبکہ پارلیمان کو معلومات فراہم کرنے سے گریزاں ہے۔ انہوں نے آپریشن سندور کی مکمل تحقیقات اور رپورٹ پارلیمان میں پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اس آپریشن میں 6 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے تھے، جس کی بھارتی وزارت دفاع نے تاحال تصدیق یا تردید نہیں کی۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق لوک سبھا میں اس ہنگامے سے مودی حکومت کی عسکری پالیسیوں پر عوامی عدم اعتماد اور پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا غیر اعلانیہ اعتراف سامنے آیا ہے۔