پشاور:پشاور میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں اپیکس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں باجوڑ ایجنسی میں جاری آپریشن کی صورتحال اور صوبے بھر میں امن و امان کے موجودہ چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے حوالے سے کوئی رعایت یا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے حکومت پر عزم ہے اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اس مقصد کے لیے متحد ہو کر کام کر رہے ہیں۔
اپیکس کمیٹی نے سیکیورٹی فورسز کو مکمل تعاون دینے اور امن و امان کے قیام کے لیے جامع حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔ اجلاس میں خاص طور پر باجوڑ آپریشن کو کامیاب بنانے اور وہاں کے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیاں نہ صرف باجوڑ بلکہ پورے صوبے میں امن و استحکام کے لیے ضروری ہیں، اور حکومت کسی بھی قسم کے فرقہ وارانہ یا انتہا پسندانہ واقعات کو برداشت نہیں کرے گی۔