اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے خاص طور پر دیامر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں آنے والی طغیانی اور پنجاب، سندھ اور پہاڑی علاقوں میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا ذکر کیا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے بارشوں کے باعث جاں بحق افراد کے لیے دعا کی اور کہا کہ حکومت متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دے رہی ہیں اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔
وزیراعظم نے توانائی کے شعبے میں کیے گئے انقلابی اقدامات کو سراہا اور وزیر توانائی اویس لغاری اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ مثبت بات چیت کے حوصلہ افزا نتائج آئے ہیں، جن سے خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا ہے جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات میں کمی بھی لائی گئی ہے۔
شہباز شریف نے لاہور ریلوے سٹیشن پر کی گئی جدید تبدیلیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے ٹکٹنگ کا نظام مکمل طور پر ڈیجیٹائز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے تمام وزارتوں کو ہدایت کی کہ اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن رہے۔
وزیراعظم نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف تاریخی فتح حاصل کی گئی ہے اور دنیا نے اس کمال مہارت کے مظاہرے کو دنگ رہ کر دیکھا ہے۔