ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کیرتی کلہاری کے کریڈٹ کارڈ سے مبینہ طور پر دھوکا دہی کے ذریعے لاکھوں روپے کی رقم خرچ کر لی گئی، جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 24 جولائی کی رات پیش آیا، جب اداکارہ اندھیری ویسٹ میں موجود تھیں۔ اسی دوران انہیں بینک کی جانب سے ایک غیر ملکی کرنسی میں ہونے والی مشکوک ٹرانزیکشن کا الرٹ موصول ہوا۔
رپورٹس کے مطابق کیرتی کلہاری کے کریڈٹ کارڈ سے ایرو میکسیکو ایئر لائنز کے نام پر 2,525 امریکی ڈالر کی ادائیگی کی گئی، جبکہ تحقیقات میں سامنے آیا کہ مجموعی طور پر چار غیر مجاز ٹرانزیکشنز کے ذریعے 2 لاکھ 43 ہزار روپے سے زائد رقم استعمال کی گئی۔
صورتحال کا علم ہونے پر بینک نے مزید نقصان سے بچاؤ کے لیے فوری طور پر کریڈٹ کارڈ بلاک کر دیا۔
واقعے کے بعد ممبئی کے امبولی پولیس سٹیشن میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ سائبر کرائم ماہرین کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کارڈ کی معلومات کسی آن لائن ذریعے سے چوری کی گئی، کیونکہ اداکارہ نے اپنا پن کوڈ یا بینکنگ تفصیلات کسی کے ساتھ شیئر نہیں کی تھیں۔
پولیس حکام ٹرانزیکشن ریکارڈ، ڈیجیٹل شواہد اور دیگر معلومات کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ فراڈ میں ملوث افراد تک پہنچا جا سکے۔