Get Alerts

سورینج کوئلہ کان حادثہ، جاں بحق کان کنوں کے ورثا کو 5 لاکھ، زخمیوں کو 3 لاکھ روپے امداد کا اعلان

سورینج کوئلہ کان حادثہ، جاں بحق کان کنوں کے ورثا کو 5 لاکھ، زخمیوں کو 3 لاکھ روپے امداد کا اعلان

کوئٹہ: صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز میر شعیب نوشیروانی نے سورینج میں پیش آنے والے کوئلہ کان حادثے کے متاثرین کے لیے مالی امداد کا اعلان کر دیا ہے۔

صوبائی وزیر کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے ہر کان کن کے اہل خانہ کو 5 لاکھ روپے جبکہ زخمی مزدوروں کو 3 لاکھ روپے فی کس معاوضہ دیا جائے گا۔

میر شعیب نوشیروانی نے بتایا کہ سورینج کوئلہ کان حادثے میں اب تک 11 کان کنوں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ دیگر پھنسے ہوئے مزدوروں کی تلاش اور ریسکیو کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو ٹیمیں انتہائی مشکل حالات میں بھی امدادی آپریشن کو مسلسل آگے بڑھا رہی ہیں اور کان میں موجود دیگر افراد تک پہنچنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان صورتحال کی مکمل نگرانی کر رہی ہے اور متاثرہ افراد کی مدد اور ریسکیو سرگرمیوں میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔

انہوں نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے کان کنوں کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
 
 

ٹیگز: