Get Alerts

پانی کے وسائل کا تحفظ پاکستان کی بقا اور سلامتی کا معاملہ ہے، بلاول بھٹو

پانی کے وسائل کا تحفظ پاکستان کی بقا اور سلامتی کا معاملہ ہے، بلاول بھٹو

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پانی صرف جغرافیہ کا معاملہ نہیں بلکہ خوراک، مستقبل اور زندگی کا بنیادی سوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبی وسائل اب عالمی سیاست اور سلامتی کا اہم مسئلہ بن چکے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دریائے سندھ پاکستان کی زندگی کی ضمانت ہے اور سندھ محض ایک دریا نہیں بلکہ کروڑوں انسانوں کی زندگیوں اور ملکی معیشت کا اہم ذریعہ ہے۔ ان کے مطابق پانی کے وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنا عالمی امن کے لیے خطرناک رجحان ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی بحالی کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے مؤقف اختیار کیا کہ پانی پر پاکستان کا حق عالمی معاہدوں کے تحت تسلیم شدہ ہے اور معاہدے کے مطابق پاکستان کے حصے کے پانی کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان نے جنگ بندی کی شرائط پر عمل کیا، تاہم بھارت نے وعدوں کی پاسداری نہیں کی۔ انہوں نے آبی حقوق کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کے خلاف ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اپنے بنیادی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس معاملے کو محض تکنیکی تنازع نہیں بلکہ قومی سلامتی کے مسئلے کے طور پر دیکھا جانا چاہیے، کیونکہ پانی کا بطور ہتھیار استعمال عالمی قوانین اور معاہدوں کے منافی ہے۔

ٹیگز: