تہران : ایران نے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے انتظام و انصرام کا فیصلہ صرف ایران اور عمان مل کر کریں گے، جبکہ اس وقت تہران کی تمام تر توجہ جنگ کے خاتمے پر مرکوز ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے نیوکلیئر پروگرام پر کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں کر رہا اور اس حوالے سے ابھی تک کوئی معاہدہ طے نہیں پایا ہے۔
ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ نے خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہماری اولین ترجیح جنگ کا خاتمہ اور امن کا قیام ہے۔ انہوں نے امریکہ کے ساتھ سفارتی روابط کے حوالے سے اہم انکشاف کرتے ہوئے تصدیق کی کہ کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچنے کے باوجود، ایران اور امریکہ کے درمیان پیغامات کا تبادلہ اب بھی جاری ہے۔