گوادر:بلوچستان کی ترقی اور معاشی خوشحالی کے سفر میں ایک اور بڑا اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ گوادر نیو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلی آزمائشی (ٹیسٹ) پرواز کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے، جہاں ’ساؤتھ ایئر‘ کی پہلی پرواز نے کامیابی کے ساتھ لینڈنگ کی۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق اس تاریخی موقع پر گوادر ایئرپورٹ حکام، سول ایوی ایشن اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ نمائندوں نے ایئرپورٹ پر موجود رہ کر پرواز کا بھرپور اور شاندار خیرمقدم کیا۔ اس کامیاب لینڈنگ کو گوادر کی فضائی رابطہ کاری (Aviation Connectivity) اور خطے میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ایک انتہائی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ اس کامیاب آزمائشی پرواز کے بعد اب گوادر میں ملکی و بین الاقوامی کمرشل پروازوں کے باقاعدہ آغاز کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا باقاعدہ آپریشنل ہونا ناصرف بلوچستان بلکہ ملکی معیشت کی بحالی اور قومی ترقی کے لیے ایک اہم محرک (Catalyst) ثابت ہوگا۔ اس سے بین الاقوامی سرمایہ کاری اور سی پیک منصوبوں کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔
جدید ترین سہولیات سے لیس یہ نیا ایئرپورٹ مستقبل میں گوادر کو دنیا کے بڑے تجارتی اور اقتصادی مراکز سے جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا، جس سے مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔