قومی ٹیسٹ کرکٹرز کی مراعات بڑی بڑی مگر کارکردگی صفر

قومی ٹیسٹ کرکٹرز کی مراعات بڑی بڑی مگر کارکردگی صفر

لاہور:( ابراہیم باد یس)عالمی رینکنگ میںساتویں پوزیشن پر موجود کیوی ٹیم نے دوسری پوزیشن کی قومی کرکٹ ٹیم کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں چاروں شانے چت کرکے چوتھی پوزیشن پر دھکیل دیا ۔ نیوزی لینڈکے دورہ کے دوران بھی ،ناقص فیلڈنگ، مڈل آرڈر بلے بازوں کی ناکامی اور بولنگ کے شعبے میں ناکام حکمت عملی ٹیم کا ” خاصہ“ رہی۔
فیلڈرز کا محمد عامر کے ساتھ ”خصوصی تعاون“ جاری ہے اور ان کی قسمت نیوزی لینڈ میں بھی خراب ہی رہی ۔ انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی پر محمد عامر کو ایک وکٹ کے حصول کیلئے اوسطا 45 اوورز تک انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔
فیلڈرز پانچ ٹیسٹ میچوں میں عامر کی گیندوں پر اب تک گیارہ آسان کیچ چھوڑ چکے ۔ مڈل آرڈر بیٹسمینوں کی ناقص کارکردگی سے قومی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ کو بڑا دھچکا لگا۔سینئرر کھلاڑی یونس خان دونوں میچوں میں ناکام رہے۔ 4 اننگز میں یونس صرف 16رنز بناسکے مگر سنٹرل کنٹریکٹ میں اے کٹیگری میں شامل یونس دو ٹیسٹ کے 8لاکھ روپے ضرور اپنی جیب میں ڈال چکے ہوں گے۔
خود کپتان مصباح الحق بھی نیوزی لینڈ کے خلاف ایک میچ کے 4لاکھ روپے لے کر دو اننگز میں 44رنز ہی بنا سکے ۔ٹیسٹ کرکٹ میں بھی نوجوان کھلاڑی محمد رضوان کی ناکامیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے پر رضوان کو تقریبا2لاکھ روپے ٹرانسفر ہوچکے ہوں گے مگر وہ ٹیم کیلئے صرف 13رنز ہی جوڑسکے۔
ٹیم کیلئے دو ٹیسٹ میچوں میں 56رنز بنانے والے اسد شفیق سنٹرل کنٹریکٹ کی بی کٹیگری کا حصہ ہیں جس کی بدولت اسد شفیق کو کیویز کے خلاف 2ٹیسٹ میچوں کھیلنے کے نام پر تقریبا 7لاکھ روپے ٹرانسفر کردیے جائیں گے۔بی کٹیگری میں ہی موجود فاسٹ باو¿لر وہاب ریاض بھی نیوزی لینڈ کے خلاف ایک ٹیسٹ میچ کھیلنے کا3لاکھ45ہزار روپے لیں گے۔ جواب میں وہاب نے میچ کی دونوں اننگز میں ایک ایک وکٹ ہی ٹیم کے کھاتے میں ڈالی۔