پاکستان نے سری لنکا کو 67 رنز سے شکست دے دی

پاکستان نے سری لنکا کو 67 رنز سے شکست دے دی
کیپشن: Image Source: File Photo

کراچی:  پاکستان نے سری لنکا کو 67 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔

تفصیلات کے مطابق ، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے  میچ میں پاکستان کے 306 رنز کے جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 46 عشایہ 5 اوورز میں  238 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔

 

 سری لنکا کی جانب سے  اوپنر گناتھلاکا 14، سمراوکراما 6، ویا فرنینڈو صفر، بوپ فرنینڈو 1 اور کپتان تھریمانے بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہو ئے ۔جےسوریا اور شاناکا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے  177 رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ کی ۔ تاہم 205 کے مجموعے پر جےسوریا نروس نائینٹیز کا شکار ہو کر 96 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ اگلے ہی اوور میں شاناکا 68 رنز پر  بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ 

پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان نے 2، عماد وسیم، محمد عامر اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی۔  فخرزمان اور امام الحق نے ٹیم کو 73 رنز کا آغاز فراہم کیا، امام الحق 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور فخرزمان نے اپنی نصف سنچری مکمل کی وہ 54 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

بابراعظم اور حارث سہیل کے درمیان 111 رنز کی شراکت قائم ہوئی، حارث 40 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے تاہم بابراعظم نے ایک بار پھر متاثر کن کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلے نصف سنچری اور پھر کیریئر کی 11ویں سنچری مکمل کی اور وہ 115 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔

کپتان سرفراز کی اننگز 8 رنز تک محدود رہی، عماد وسیم  12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور افتخار احمد نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔