Get Alerts

حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرادیا

حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرادیا
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد : حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 4 روپے اضافہ کردیا ہے۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 82 پیسے کا اضافہ کیا گیا۔ 

وزارت خزانہ کی طرف  سے جاری نوٹیفکیشن  کے مطابق پٹرول کی فی لٹرقیمت میں 4 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پٹرول کی قیمت 127 روپے 4 پیسے فی لٹر کی  بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لٹر کا اضافہ کردیا گیا۔  مٹی کے تیل کی فی لٹر قیمت 7 روپے 05 پیسے بڑھائی گئی ہے جبکہ  لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 8 روپے 82 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا۔ 

حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیے گئے اضافے کو ملک بھر سے عوام نے مسترد کردیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ حکومت نے مہنگائی سے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ پٹرول کی قیمتیں پہلے ہی غریب کی پہنچ سے باہر تھیں اب یہ آسمان کو چھو رہی ہیں۔ 

عوام کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان جب اپوزیشن میں تھے تو کہتے تھے کہ جب پٹرول کی قیمت بڑھتی ہے تو وزیر اعظم چور ہوتا ہے اب بتائیں کہ چور کون ہے۔ وزیر اعظم صاحب ! خدارا! غربت کو ختم کریں غریبوں کو نہیں ۔آپ کی حکومت کی پالیسیاں غربت کے بجائے غریبوں کو ختم کر رہی ہیں۔