افغانستان میں امریکا کو شکست دنیا کیلئے ایک اہم سبق ہے: طالبان  

Defeat of US in Afghanistan is an important lesson for the world: Taliban
کیپشن: فائل فوٹو

کابل: طالبان نے افغانستان سے امریکا کی پسپائی کے بعد کہا ہے کہ اس میں دیگر حملہ آوروں، ہماری آئندہ آنے والی نسلوں اور دنیا کیلئے ایک اہم پیغام ہے۔

یہ بات طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے امریکی انخلا کے بعد کابل ایئرپورٹ پر بات کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ افغان عوام امریکا کیخلاف 20 سالہ اس طویل جنگ میں فتح کے بعد مبارکباد کے مستحق ہیں، میں اس موقع پر اپنے ملک کو مبارک پیش کرتا ہوں۔

ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ طالبان امریکا سمیت تمام عالمی برادری کیساتھ اچھے تعلقات کی خواہش رکھتے ہیں۔ ہم اچھے سفارتی تعلقات بڑھانے کا خیر مقدم کرینگے۔

دوسری جانب برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکی فوج نے کابل ایئرپورٹ پر سے جاتےے ہوئے وہاں رہ جانے والا تمام جنگی سازوسامان تباہ کرکے اسے ناکارہ بنا دیا ہے۔

اس کی تصدیق کرتے ہوئے امریکی کمانڈر جنرل کینتھ میکنزی نے کہا ہے کہ ہم نے کابل ایئرپورٹ پر اپنے تہتر طیاروں، جدید اسلحہ سے لیس 70 گاڑیوں اور 27 ہموی گاڑیاں ناکارہ بنا دیں ہیں، اب طالبان انھیں استعمال نہیں کر سکیں گے۔

امریکی کمانڈر جنرل کینتھ میکنزی کا کہنا تھا کہ یہ 73 طیاروں کو اب کوئی بھی استعمال نہیں کر سکے گا۔ امریکا نے ایک ہائی ٹیک راکٹ دفاعی سسٹم کو بھی تباہ کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ اس دفاعی سسٹم کے ذریعے ہی کابل ایئر پورٹ پر فائر کیے جانے والے راکٹوں کو تباہ کیا گیا تھا۔

ادھر سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ طالبان کابل ہوائی اڈے میں موجود ایک  امریکی طیارے کی جانچ کر رہے ہیں۔