سمگلنگ کی روک تھام  ،نگران وزیراعظم نےسدباب کی  سختی سے ہدایت کردی

سمگلنگ کی روک تھام  ،نگران وزیراعظم نےسدباب کی  سختی سے ہدایت کردی

اسلام آباد:نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ملک سے سمگلنگ کے سد باب کی سختی سے ہدایت کردی۔ وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت ملکی معیشت کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو ملکی معیشت کے حالیہ اعشاریوں سے آگاہ کیا گیا اور ملکی معیشت کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔


اجلاس میں مختلف اشیاء کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے موثر حکمت عملی کی تشکیل کے حوالے سے مشاورت کی گئی جبکہ ایران کے ساتھ تبادلے کی تجارت کی موجودہ پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں نجی شعبے کے معروف صنعت کاروں نے بھی شرکت کی۔ تاجر برادری کے نمائندوں نے وزیراعظم کو ملکی معیشت کی بحالی کے لیے نگران حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ 


اجلاس میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت کے تناظر میں فارن ایکسچینج کے غیر قانونی کاروبار کی روک تھام پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ وزیراعظم نے اجلاس میں متعلقہ حکام کو ملک سے سمگلنگ کے سد باب کی سختی سے ہدایت کی۔


علاوہ ازیں وزیراعظم نے امیگریشن اور کسٹمز حکام کو سمندر پار پاکستانیوں کو ہوائی اڈوں پر تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی ملکی معیشت کے استحکام کے لیے گران قدر خدمات قابل تعریف ہیں۔

مصنف کے بارے میں